اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وفاقی پولیس کے انسداد انتہاپسندی یونٹ نے کارروائیاں کر تے ہوئے سوشل میڈیا پرمذہبی، مسلکی، لسانی منافرت پھیلانے اور اداروں کیخلاف پراپیگنڈہ کرنے والے 700سے زائد سوشل میڈیااکاؤنٹس کا سراغ لگاکر انکو بند کرنے کیلئے ایف آئی اے کو خط لکھا، جس پر ابھی تک 200سے زائدسوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کیا جاچکا ہے اور باقیوں پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے،آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبرناصرخاںنے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس میں اپنی نوعیت کے پہلے انسداد انتہاپسندی یونٹ کو قائم کیا گیا ہے، جس میں اسلام آبادکیپیٹل پولیس کی مختلف ٹیمیں انتہا پسندی کے تدارک کے لئے مختلف اداروں اور مدارس میں جاتی ہیں اورمساجد میں خطبوں کا جائزہ بھی لیا جاتاہے، اسی طرح یہ یونٹ سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر سیاسی ،لسانی، مسلکی اور مذہبی انتہا پسندانہ مواد کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ انتہا پسندی سے منسلک جرائم کی نشاندہی کرتا ہے ،جس پر قانون کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ،آئی سی سی پی او نے مزید کہا کہ انتہاپسندی کی روک تھام سے دہشت گردی کے تدارک اور شہر کی سکیورٹی کوموثر بنانے میں بھرپور مدد مل رہی ہے،اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے انتہاپسندی یونٹ کا حال ہی میں نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا نے افتتاح کیا تھا، جس پر انہوں نے آئی سی سی پی او کے شہر میں امن و امان کی فضاکو برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے جو اقدامات اٹھائے انکی تعریف کی تھی، شہریوں سے گزارش ہے سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے اور اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ جیسی سرگرمیوں سے دور رہیںاورایسی کسی بھی سرگرمی کے متعلق فوری پولیس کو اطلاع کریں۔
وفاقی پولیس نے منافرت پھیلانے والے 700سوشل میڈیا اکائونٹس کا سراغ لگا لیا
Aug 21, 2023