اجنیانوالہ(نمائندہ نوائے وقت)اجنیانوالہ و ملحقہ ڈیرہ جات کے مکین ڈکیتی و راہزنی کی بڑھتی وارداتوں پر شدید تشویش اور خوف کا شکار ہیں جس کے باعث لوگ سرشام ہی گھروں میں بیٹھ جاتے ہیں جبکہ اجنیانوالہ پولیس چوکی کا عملہ جرائم کی بیخ کنی اور مجرموں کی گرفتاریوں کیلئے کردار ادا کرنے سے قاصر ہے جس پر مقامی باسیوں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجنیانوالہ چوکی پر تعینات پولیس ملازمین لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے اور جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرنے کی بجائے سارا دن منشیات فروشوں سے بھتہ جمع کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں گشت کا نظام غیر فعال ہے جس کا فائدہ اٹھا کر جرائم پیشہ عناصر مجرمانہ سرگرمیاں آزادانہ طور پر سرانجام دے رہے ہیں۔ اہل علاقہ نے ڈی پی او شیخوپورہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ چوکی اجنیانوالہ پولیس کے ذرائع نے بھتہ جمع کرنے اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔