باجوڑ میں در اندازی  پانچ دہشت گرد ہلاک

افغانستان کے علاقے سے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کرنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر سکیورٹی فورس کے تین جوان بھی شہید ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 18 اور 19 اگست کی درمیانی رات دہشت گردوں کے ایک گروپ نے پاکستان-افغانستان کی سرحد پر ضلع باجوڑ میں دراندازی کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔  فائرنگ کی زد میں آ کر  چار دہشت گرد زخمی بھی ہوگئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے لیکن اس سلسلے میں افغان حکومت بری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پر عزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ملک کے دفاع اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہماری سکیورٹی فورسز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ بھارتی سرپرستی اور کابل انتظامیہ کی معاونت سے دہشت گردوں کو پاکستان میں کھل کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ ان کی مکمل سرکوبی کے بغیر مستقل امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ بین الاقوامی برادری کو اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے کیونکہ یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ دہشت گردی پوری دنیا کے امن و امان کے لیے ایک ایسا خطرہ ہے جس کا مکمل سد باب ضروری ہے۔

ای پیپر دی نیشن