گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)لاہور چیمبر آف کامرس کے وفد نے صدر کاشف انور کی سربراہی میں گوجرانوالہ بزنس سینٹر میں قائم میڈ ان گوجرانوالہ انکلو ئیرکا دورہ کیا، دورے کا مقصد لاہور چیمبر اور گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا تھاتاکہ دونوں ادارے مل کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر صدر لاہور چیمبر کاشف انور کا کہنا تھا کہ جی بی سی میں پرماننٹ ڈسپلے سینٹر کا قیام بہت احسن اقدام ہے، ایک چھت تلے گوجرانوالہ کی 30سے زائد صنعتوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا اور صنعتی مصنوعات کا جائزہ لینا ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے بہت مفید قدم ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے 40ہزار فعال اراکین ہیں، زیادہ پیداواری لاگت، پیچیدہ ٹیکس نظام اور مہنگائی جیسے چیلنجز کے باوجود لاہور چیمبر مسائل کے حل کیلئے سرگرم عمل ہے،لاہور چیمبر اور گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے درمیان تعاون نئے کاروباری مواقعوں کی تلاش میں مدد دے گا،لاہور چیمبر جی،بی،سی کی ہر طرح سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔