لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ میٹرک میں لڑکیوں نے جن حالات میں تعلیم حاصل کرکے پوزیشن حاصل کی قابل فخر ہے۔ایسی ریفارمز لا رہے ہیں کہ ہر آنے والا دن نظام تعلیم کی بہتری کی جانب جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے ٹاپرز طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ آئندہ 5 سال میں ایجوکیشن کا نظام تبدیل ہوگا اور بہترین ماڈل کے طور پر سامنے آئے گا۔انہوں نے کہا ہم اپنے وسائل کم کر کے ٹاپرز طلبہ کو سہولیات دیں گے۔ 25 ارب کی لاگت سے سکالرشپ کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔شائننگ سٹار طالبعلم جس یونیورسٹی میں پڑھنا چاہے، حکومت سپورٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم بھی دوبارہ شروع کی جا رہی ہے جبکہ 5 ستمبر سے صوبے میں سکول میل پروگرام کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔