اسلام آباد (خبر نگار) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مرحلہ وار نجکاری کے امور کو تیزی سے نمٹایا جا رہا ہے اور انٹرنیشنل میڈیا میں 17 اگست کو اشتہارات کا اجراء عمل میں لایا جا چکا ہے۔ اس امر کا اظہار وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈسکوزکی پرائیویٹائزیشن کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس میں شفافیت اور تکنیکی پہلوؤں کو ضرور مد نظر رکھنا ہو گا۔ اویس لغاری نے ہدایت کی کہ ڈسکوز کی نجکاری کے لئے ضروری امور کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور نجکاری والے ان اداروں کی تفصیلات اور ڈیٹا تک دلچسپی رکھنے والے اداروں کی رسائی یقینی بنائی جائے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ہماری شاہرات پر غیر معمولی گاڑیوں اور ٹریفک کا دباؤ بڑا مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے مربوط بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔