لاہور (نامہ نگار) برطانیہ میں ہنگاموں کا باعث بننے والی فیک نیوز دینے کے الزام میں لاہور سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق گرفتار ملزم فرحان آصف پر برطانیہ میں تین بچیوں کے قاتل کی شناخت کے حوالے سے فیک نیوز دینے کا الزام ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ فرحان آصف پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم ’’چینل تھری ناؤ‘‘ کے لیے کام کرتا ہے۔ ملزم سے تفتیش میں وہ جعلی خبریں دینے میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق فرحان آصف نے بتایا کہ اس نے ایک بار خبر پوسٹ کی، معلوم نہیں تھا کہ پوسٹ اتنی وائرل ہوجائے گی۔ چند دن پہلے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی انویسٹی گیٹیو رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چینل تھری ناؤ ایک کمرشل آپریشن ہے جو جرائم کی خبریں جمع کرکے سوشل میڈیا سے پیسے کماتا ہے۔ ویب سائٹ انتظامیہ کے مطابق امریکا، برطانیہ، پاکستان اور بھارت میں 30 سے زیادہ افراد اس ویب سائٹ کے لیے کام کرتے ہیں۔ فیک نیوز کی ذمہ دار برطانیہ والی ٹیم ہے۔ اس فیک نیوز میں یہ غلط خبر دی گئی تھی کہ برطانوی شہر ساؤتھ پورٹ میں 3 بچیوں کو ہلاک کرنے والا شخص ایک مسلمان تارک وطن ہے جبکہ حقیقت یہ تھی کہ اس واقعہ کے 17 سالہ ملزم کا تعلق روانڈا سے تھا۔
برطانیہ میں فیک نیوز پھیلا کر ہنگاموں کا باعث بننے والے فرحان آصف لاہور سے گرفتار
Aug 21, 2024