بشریٰ بی بی کا نام 9 مئی کے 12 مقدمات سے خارج

Aug 21, 2024

راولپنڈی‘ اسلام آباد (جنرل رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے  بشریٰ بی بی کے خلاف9 مئی کے پرتشدد مظاہروں، اہم تنصیبات، نجی و سرکاری املاک کے گھیرائو جلائو اور پولیس افسروں و اہلکاروں پر حملوں کے 12 الگ الگ  مقدمات میں ڈسچاج کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے مختصر فیصلے میں قرار دیا کہ کسی ہمراہی ملزم کے بیان کی کوئی حیثیت نہیں، 9 مئی کو 1 سال 3 ماہ ہوچکے ابھی تک پولیس کیوں خاموش رہی۔ اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے بشری بی بی کے جسمانی ریمانڈ کے لئے 12 مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں اور ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ بشری بی بی کے وکلا نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ بشری بی بی کو 9 مئی کے کسی مقدمہ میں تاحال گرفتار نہیں کیا گیا حالانکہ 9 مئی کے بعد لگ بھگ 14 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، اس دوران کسی مقدمہ میں درخواست گزار کا ریمانڈ بھی نہیں لیا گیا۔ بشری بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور فیصل ملک نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا عدالت نے بشری بی بی کو مختلف بیانات کی روشنی میں مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا حالانکہ ان بیانات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں تھی۔ دوسری جانب نیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس سماعت کیلئے اسلام آبادکی احتساب عدالت میں دائر کردیا، دو والیمز پر مشتمل اس ریفرنس میں22  گواہوں کی فہرست بھی دی گئی۔ تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن نے توشہ خانہ ٹو ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد کے رجسٹرار آفس میں جمع کرا دیا۔ رجسٹرار آفس چھان بین کے بعد ریفرنس کو ایڈمنسٹریٹیو جج احتساب عدالت  ناصر جاوید رانا کو بھجوائے گا جو ریفرنس سماعت کیلئے عدالت کو بھیجنے کی منظوری دیں گے۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد بھجوائے جانے والے دو والیم پر مشتمل اس ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو ملزم بنایا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس 2  سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا۔ ریفرنس کے مطابق بشری بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021  ء دورہ سعودی کے موقع پر دیا گیا۔ جیولری سیٹ میں ایک عدد انگوٹھی، ایک عدد بریسلٹ، ایک نیکلس، ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔ تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے شواہد کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا۔ ڈپٹی ملٹری سیکرٹری نے 18 مئی 2021 ء کو سیکشن افسر توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے اور ڈکلیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا لیکن جیولری سیٹ کو جمع نہیں کرایا گیا۔ بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودیہ عرب کو 25 مئی 2018 ء کو ہار 3 لاکھ یورو اور بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی تھیں۔ کمپنی سے بریسلٹ اور انگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔28 مئی 2021 ء کو بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے۔ جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے۔ جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔ توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد دے کر بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے۔ بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

مزیدخبریں