پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل شاہین 2 کا کامیاب تجربہ

Aug 21, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ خبر نگار) پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ نے بتایا کہ تربیتی لانچ کا مقصد ٹروپس کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کا جائزہ لینا تھا۔ اس کا مقصد بہتر درستگی اور بہتر بقاء کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا بھی تھا، سائنسدانوں نے اس تاریخی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تربیتی لانچ کا مشاہدہ سٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور سٹریٹجک تنظیموں کے انجینئرز کے سینئر افسران نے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔ صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔ علاوہ ازیں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیلسٹک میزائیل شاہین-ٹو کے کامیاب تجربے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری  نے  شاہین-ٹو کے کامیاب تجربے  پر سائنسدانوں و انجنیئرز کو مبارکباد  دی اور کہا کہ ہماری میزائیل ٹیکنالاجی ہمارے سائنسدانوں و انجنیئرز کی مہارت اور لگن کی آئینہ دار ہے۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیلسٹک میزائل شاہین IIکے کا میاب لانچنگ پر پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاہین IIکے کامیاب تجربے سے ملک کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہو گی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پوری قوم کو باصلاحیت سائنسدانوں اور انجینئرز پر فخر ہے، شاہین II  میزائل کا کامیاب تجربہ پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔

مزیدخبریں