راولپنڈی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار+ خبر نگار خصوصی) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا جو پنجگور کے ڈپٹی کمشنر ذاکر علی کی شہادت کے تناظر میں کیا گیا جبکہ اس دوران فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل اے کے 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا اور آپریشن کے دوران تین دہشتگرد زخمی بھی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، یہ دہشتگرد 12 اگست کو پنجگور کے ڈپٹی کمشنر ذاکر علی کی شہادت کے بھی ذمہ دار تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کا آپریشن گھناؤنے فعل میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا ہے، فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بلوچستان میں موجود ناراض بلوچ باشندوں کو پیغام ہے کہ ماں سے کوئی ناراضی نہیں ہوتی، آپ کے کوئی مطالبات ہیں تو بات کریں، ناراضی کے نام پر دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں، جذباتیت اور معصومیت میں ہمیں ٹریپ نہیں ہونا چاہیے، نوجوان علم حاصل کریں اور سیکھنے کا عمل کبھی موقوف نہ کریں، ہم افہام و تفہیم، احترام کے پل بنائیں اور نفرت کو مسترد کردیں، اتحاد میں طاقت اور طاقت میں ہمارا مستقبل ہے۔ اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، قائد اعظم بھی طلبہ سے بہت قریب تھے، یوتھ ہمارے معمار ہیں جو ہمارے مستقبل کی تشکیل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی خوشحال قومی کی بنیاد نظام تعلیم ہے، ہماری حکومت معیاری تعلیم دینے کے لیے پر عزم ہیں، تعلیم تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا نام ہے، تعلیم میری ہمیشہ سے سب سے پہلی ترجیح رہی ہے۔ میں کہتا ہوں کہ دستیاب تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور سیکھنا کبھی نہ بند کریں، یہ تو حدیث میں بھی ہے کہ علم حاصل کرو چاہے اس کے لیے چین کیوں نا جانا پڑے، تعلیم دنیا کو بدلنے کے لیے سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ اسحق ڈار نے کہا کہ آئیں افہام و تفہیم کے پل بنائیں اور ہر قسم کی نفرت انگیزی، انتہا پسندی کو مسترد کردیں۔ اتحاد میں طاقت ہے اور طاقت میں مستقبل ہے، جب میں بلوچستان گیا 13 اگست کو تو مجھے بریفنگ دی گئی کہ ناراض بلوچ ہیں کوئی جو پہاڑوں پر جاتے ہیں اور باہر بیٹھتے ہیں۔ تو ماں کے ساتھ کوئی ناراضگی نہیں ہوتی، آپ ملک کے ساتھ ناراض نہیں ہوسکتے ہیں، نوجوان ملکی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، اتحاد و رواداری کو فروغ دیں، انتہا پسندی اور نفرت کو مسترد کرکے ملک کی جڑیں مضبوط کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی پھیلانے والے عناصر ڈی سی پنجگور کے قاتلوں کے انجام سے سبق حاصل کر لیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بی ایل اے کے 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی شہادت کے ذمہ دار دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، شرپسند عناصر ملک میں امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، دہشت گردی کے ذریعے ملک میں بد امنی اور انتشار پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پاک فوج کے ملک سے فتنہ الخوارج کے خاتمے کے عزم کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج کا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عزم قابل ستائش ہے۔ ادھر پاک افغان سرحد سے متصل ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان شہید کی نماز جنازہ باجوڑ میں ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ میں عام شہریوں اور پاک فوج کے سینئر افسروں اور جوانوں نے شرکت کی۔ شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے ہیں جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔