اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے عوام کو ترقیاتی فنڈز میں سے 45 ارب روپے کا ریلیف دیا۔ اس سے وفاق کا کوئی لینا دینا نہیں جبکہ خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبے بھی بسم اللہ کریں اور پنجاب کی طرح اپنے عوام کو ریلیف دیں لیکن اس معاملے پر سیاست سے گریز کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں سے جانی ومالی نقصانات ہوئے اور بارشوں سے سڑکوں اور پلوں کو بھی نقصان پہنچا تاہم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) نے اچھا کام کیا۔ این ڈی ایم اے نے صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ساتھ اچھی کوآرڈینیشن کی، مشترکہ کاوشوں سے صورتحال کو کنٹرول کرنے میں بہت فائدہ ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج گزشتہ 3 سال کے مقابلے میں مہنگائی کم ترین سطح پر ہے، 38 فیصد سے کم ہوکر ساڑھے 11 فیصد پر آگئی ہے لیکن یہ ابھی کافی نہیں، ہمیں مزید کم کرنا ہے، مگر ہمیں بہت سے چینلجز کا سامنا ہے، جس سے نمٹ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہوچکا ہے، ٹیکس ریونیو جمع کرنے کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی، ایف بی آر کی جانب سے پاور سیکٹر میں نقصانات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے بجٹ میں 50 ارب کی کٹوتی کرکے بجلی کے بلوں میں 200 یونٹ والے گھریلو صارفین کو 3 ماہ کے لیے ریلیف دیا۔ جبکہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 200 سے500 یونٹ والے بجلی صارفین کو ریلیف دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف نے وزیراعلٰی مریم نواز کے ہمراہ پنجاب کے عوام کو ریلیف کا اعلان کیا۔ پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں جو ریلیف دیا اس میں وفاق کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو این ایف سی کے تحت بہت سے وسائل ملتے ہیں۔ قبل ازیں زیراعظم شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں آکسفورڈ یونین کا صدر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے پائیدار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ امید ہے اسرار کاکڑ اور ان جیسے باصلاحیت پاکستانی نوجوان یونہی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے یو کے کی معروف یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کا وزیراعظم ہائوس میں پر تپاک استقبال کیا اور اسرار خان کاکڑ کو بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرار کاکڑ جیسے باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے پائیدار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ آپ کا آکسفورڈ یونین کے صدر کا الیکشن لڑنا اور سرخرو ہونا آپ کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں کہ اسرار کاکڑ اور ان جیسے باصلاحیت پاکستانی نوجوان یونہی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا انتھک محنت سے اپنے تمام تعلیمی مراحل میں وظائف حاصل کرنا اور بالآخر آکسفورڈ یونین جیسی اعلی تنظیم کا صدر منتخب ہونا قابل فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں آچکا ہے جس کی بدولت غریب گھرانوں کے بچے اعلی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اسرار خان کاکڑ نے وزیراعظم کو آکسفورڈ یونین میں خطاب کرنے کی دعوت دے دی۔ اسرار خان کاکڑ نے وزیر اعظم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پاکستان کے تمام نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر طرح کی خدمات کیلئے تیار ہیں۔
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مبارک ثانی مقدمہ کے حوالہ سے حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کی گئی ہے۔ اٹارنی جنرل 22 اگست 2024 کو سپریم کورٹ میں اضافی درخواست کی سماعت میں اپنی ٹیم کے ہمراہ علمائے کرام اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رائے کی روشنی میں دلائل دیں گے۔ جبکہ کابینہ نے وزارت تجارت اور ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری کے درمیان ای کامرس کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط، ’’پرائم منسٹرز سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی‘‘ کے قیام اور کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے آپریشنز نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق کابینہ کو مبارک ثانی مقدمہ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مبارک ثانی مقدمہ کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 17 اگست 2024 کو ایک اضافی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ اس مقدمے کے حوالے سے قومی اسمبلی میں تفصیلی بحث ہوئی اور یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے حوالے کیا گیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی وفاقی حکومت کو یہ کہے گی کہ اس مقدمہ کے واقعاتی اور قانونی پہلوؤں اور علمائے کرام کی رائے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے درخواست دائر کی جائے۔ اس حوالے سے وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کی گئی۔ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق اٹارنی جنرل 22 اگست 2024 کو سپریم کورٹ میں اضافی درخواست کی سماعت میں پیش ہوں گے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ علمائے کرام اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رائے کی روشنی میں دلائل دیں گے۔ وزیراعظم نے اس حوالے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری، صنعت و تجارت اور پاکستان کی وزارت تجارت کے درمیان ای کامرس کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 42 کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت ’’پرائم منسٹرز سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی‘‘ کے قیام کی منظوری دے دی۔ مذکورہ بالا کمپنی کا قیام تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے لئے فنڈز اکٹھا کرنا، فنڈ مینجمنٹ اور اس فنڈ کے تحت مختلف تربیتی پروگراموں کا نفاذ ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے آپریشنل اور ریگولیٹری معاملات کو الگ کرنے کے حوالے سے اس کمپنی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے بعد پرائم منسٹرز سکل ڈویلپمنٹ کمپنی تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے آپریشنل معاملات کو دیکھے گی جبکہ قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت ریگولیٹری امور کو دیکھے گا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے آپریشنز نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے وزارت قومی صحت اور وزارت دفاع کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 12 اگست 2024 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 15 اگست 2024 کو ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی آزاد ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فلسطین کے سبکدوش ہونے والے سفیر احمد جواد عبد العزیز رابعی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی شہادت میں ملوث دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر ڈی سی پنجگور کے قاتلوں کے انجام سے سبق حاصل کر لیں، پاکستان میں دہشتگردی کو پنپنے کا قطعاً موقع نہیں دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے میٹا وفد کو ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں استعداد سے آگاہ کیا اور متعلقہ حکام کو میٹا سے متعلق تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے میٹا کے نائب صدر برائے ایشیا پیسیفک سائمن ملنر کی قیادت میں میٹا کے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے شہباز شریف وفد سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو میٹا کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔