مقبوضہ کشمیر، محا صرے، تلاشی کارروائیاں جاری، حملے میں قابض فورسز کا افسر ہلاک

Aug 21, 2024

سری نگر (کے پی آئی)  مقبوضہ کشمیر کے ضلع  ادھم پور میں ایک حملے میں بھارتی فورسز کا افسر ہلاک ہوگیا ہے ۔  حملے میں مارے جانے والے  سی آر پی ایف انسپکٹر کلدیپ سنگھ کا تعلق بھارتی ریاست  ہریانہ سے بتایاجارہاہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق ڈوڈا کے علاقے میں بھارتی فوج ، سی آر پی ایف اور پولیس کی بھاری نفری نے  محاصرہ کر لیا ہے ۔ ڈوڈا  میں حملہ آوروں  کی فائرنگ سے  سی آر پی ایف انسپکٹر کلدیپ سنگھ زخمی ہوگیا تھا  کلدیپ سنگھ کی موت اسپتال لے جانے کے دوران ہوئی۔ وہ  سی آر پی ایف کی 187ویں بٹالین میں انسپکٹر  تھا ۔ جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں و کشمیر کے سیاسی مستقبل کے تعین کی خاطر حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو موثر انداز سے آگے بڑھانے کے لیے کشمیریوں میں اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایڈووکیٹ منہاس نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کر رہا ہے کیونکہ وہ فوجی طاقت اور ریاستی دہشت گردی سے اپنے غیر قانونی قبضے کو ہمیشہ کے لیے برقرار نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد انتخابات جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو متاثر نہیں کر سکتے جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں میں بیان کیا گیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق حکمران جماعت نیشنل کانفرنس نے  آرٹیکل 370 ،   ایل او سی آر پار تجارت کی بحالی  اور جموں وکشمیر میں اعتماد کی بحالی کے اقدامات ( سی بی ایمز)پھر سے شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔نیشنل کانفرنس نے اپنا انتخابی منشور جاری کیا ہے ۔نیشنل کانفرنس نے منشور میں  آرٹیکل 370 ، اور ایل او سی آر پار تجارت کی بحالی   اور جموں وکشمیر میں اعتماد کی بحالی کے اقدامات ( سی بی ایمز) پھر سے شروع کرانے کے لیے جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ہے ، جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ  بھی بحال کرایا جائے گا۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے خبردار کیا کہ وقف قوانین میں تبدیلیوں سے پورے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمان بے اختیار ہو جائیں گی۔ میر واعظ نے کہا کہ وقف قوانین میں تبدیلیوں کے بل کو مسلمانوں کی خودمختاری پر حملے کے طور پر دیکھا گیا ہے جس سے مسلمانوں کی خودمختاری کو ایک ہی جھٹکے سے ختم کر دیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں