ماسکو؍ لندن (نیٹ نیوز+ این این آئی) روس کے جنوبی ریجن روستوف میں ایک بڑے ڈیزل ڈپو میں آگ لگ گئی جس نے ایندھن سے بھرے مزید ٹینکوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی حکام کے حوالے سے غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس میں ایک بڑے ڈیزل ڈپو پر یوکرائنی ڈرون حملے سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔ مقامی انتظامیہ کے سربراہ نے بتایا ہے کہ ضلع پرولیٹارسک میں ڈپو کے ذخیرہ کئے گئے ایندھن کے 74 میں سے تقریباً 20 ٹینک آگ کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ 500 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ دوسری طرف ایک برطانوی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ روس کے اندر یوکرائن کی طرف سے سٹارم شیڈو میزائلوں کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی۔ برطانوی اخبار نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ روسی جنگجوئوں کے 90 فیصد افراد کو سٹارم شیڈو میزائلز کی حد سے باہر منتقل کر دیا گیا تھا۔ ان کے ملک کو یوکرائن کو روس کو سٹارم شیڈو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی اجازت دینے کی درخواست موصول نہیں ہوئی تھی۔
یوکرائن کا ڈورن حملہ، روس کے بڑے ڈیزل ڈپو میں آتشزدگی، متعدد ٹینک جل گئے
Aug 21, 2024