شکاگو فلسطینیوں کی حمایت میں بڑا مظاہرہ، کملا قاتل کے نعرے، مظاہرین کے مطالبات درست جنگ ختم کی جائے: جوبائیڈن

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) امریکہ کے شہر شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی تقریب کے باہر ہزاروں افراد نے غزہ جنگ بندی کیلئے مظاہرہ کیا۔ ہزاروں کی تعداد میں پرامن مظاہرین نے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے پہلے روز شکاگو میں مارچ کیا۔  صدر دفتر کے سامنے جمع ہو گئے۔ انہوں نے فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے اور غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے جوبائیڈن انتظامیہ کی طرف سے غزہ جنگ میں اسرائیل کی حمایت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی حمایت ختم کرنے پر زور دیا۔ پہلے تو مظاہرین کئی گھنٹوں تک پرامن احتجاج کرتے رہے لیکن پھر اس کے بعد درجنوں مظاہرین سکیورٹی حصار کو توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کرنے لگے تاہم امریکی پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا۔ مشتعل مظاہرین نے اپنے غم و غصے کا رخ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی طرف موڑ دیا اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کو ’’ کملا قاتل‘‘ قرار دیا۔ ادھر کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ جو لوگ باہر احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں ان کی بات میں وزن ہے، دونوں طرف سے بہت سے بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ اس جنگ کو ختم کیا جائے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے ڈیموکریٹک پارٹی کے چار روزہ کنونشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ کنوشن میں کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کی توثیق کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن