چکوال‘قلعہ عبداللہ، سیہون، نوشہرو فیروز، راجن پور، ڈیرہ غازیخان (نوائے وقت رپورٹ‘این این آئی) پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبر پی کے سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ کئی دیہات زیر آب آگئے، کچے مکانات بہہ گئے، فصلیں ڈوب گئیں اور مختلف واقعات میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔ بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت اور مسلم باغ سمیت متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں ڈوب کر بچہ جاں بحق ہوگیا۔ یکم جولائی سے اب تک بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے دوران پیش آئے حادثات اور سیلابی ریلوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی، جاں بحق افراد میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔ بیلہ میں موسلادھار بارشوں سے کپاس کی تیار فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ نوشکی کے گڑانگ نالہ میں سیلابی ریلے سے پاک افغان سرحد پر درجنوں دیہات کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ جھل مگسی میں تیز بارش اور ہوائیں چلنے سے بجلی کے کھمبے گر گئے، ربی کینال میں شگاف پڑنے سے درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔ سندھ کے علاقے دادو میں گاؤں بھائی خان لاشاری کے قریب 30 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے پانی کھڑی فصلوں میں داخل ہوگیا۔ تحصیل سیہون میں کچے کے متعدد دیہات پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ نواب شاہ میں طوفانی بارشوں سے کپاس اور چاول کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ نوشہرو فیروز کے بچاؤ بند میں شگاف سے 10 گاؤں اور فصلیں زیرآب آگئی ہیں۔ پنجاب کے علاقے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال سے دیہی اور کچے کے علاقے شدید متاثر ہوگئے ہیں۔ وڈور ندی کے سیلابی ریلے میں ایک شخص جبکہ راجن پور میں سیم نالے میں ڈوب کر بچی جاں بحق ہوگئی۔ خیبر پی کے کے بالائی اضلاع چترال، سوات اور اپر دیر سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ سیلابی ریلوں نے کئی دیہات کو ملیامیٹ کردیا جبکہ متعدد علاقوں میں انفراسٹرکچر اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق چکوال کے موضع بادشاہ پور میں بارش کی وجہ سے بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی۔ جس کے نیچے دب کر ماں بیٹا جاں بحق جبکہ بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔ گاؤں والوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبی لاشیں نکالیں جبکہ بچی کو شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔