مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے‘بیرسٹر سیف 

پشاور(این این آئی) مشیر اطلاعات خیبر  پی کے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ملک میں سستی بجلی خیبر پی کے پیدا کر رہا ہے، خیبر پی کے کی سستی بجلی وفاق ہمیں مہنگے داموں بیچ رہا ہے، جو صوبہ سستی بجلی پیدا کر رہا ہے اسے بجلی اور بلوں میں ریلیف سے محروم رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ایک ایم این اے کے پاس بجلی کے بلوں میں کمی کے اعلان کا قانونی اختیار نہیں، وفاق خیبر پی کے، کے بجلی کے اربوں کے بقایاجات ادا کرے، مینڈیٹ چور خیبر پی کے، کے بقایا جات پر سانپ بن کر بیٹھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور نے صرف پنجاب کیلئے قومی خزانہ کھلا رکھا ہے، بجلی ریلیف کے سب سے زیادہ حقدار اور مستحق خیبر  پی کے، کے عوام ہیں، فارم 47 سرکار نے پورے ملک کے بجائے صرف پنجاب میں صارفین کو ریلیف دیا۔صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چور کے فیصلوں سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی مزید بڑھے گی، مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن