پنجاب میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع،چودھری شافع، تاجک سفیر کی ملاقات 

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف طائر کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن، ایڈیشنل ڈائریکٹر مارکیٹنگ شرقی ٹیپو اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے  کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین مواقع اور ساز گار ماحول موجود ہے۔ متعدد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں جلد پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔ پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کی تیاری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تاجکستان الیکٹرک وہیکلز کی تیاری میں تعاون کا جائزہ لے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب میں بلٹ پروف گاڑیوں کا اسمبلنگ پلانٹ لگانے کیلئے کوشاں ہے۔ ایئرپورٹس پر ہینڈی کرافٹس کی شاپس بھی بنائی جائیں گی۔ پنجاب کے 6 شہروں میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز بن چکے، مزید 5 شہروں میں بنا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ ٹیوٹا کے اداروں، کورسز اور لیبز کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔ ٹیوٹا کے اداروں میں چائنیز کے علاوہ کورین، جیپنیز، اریبک اور جرمن زبانوں کے کورسز بھی شروع کئے گئے ہیں۔ مستقبل میں تاجک لینگویج کورس شروع کرانے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن