اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے متاثرین دہشت گردی کی یاد اور متاثرین دہشت گردی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہم دہشت گردی کے تمام متاثرین اور پاکستانی شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم دہشتگردوں کے خلاف ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کو بھی خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ دن ہمیں دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے تمام خاندانوں کے درد اور تکالیف کی یاد بھی دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین ِدہشت گردی بطور امن کے علمبردار اور معلم" کا اس سال کا موضوع یہ امر اجاگر کرتا ہے کہ زندہ بچ جانے والے افراد امن کے فروغ اور پرتشدد انتہا پسندی کے تباہ کن اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے مسلسل جاری جنگ کی پاکستان نے بھاری قیمت چکائی ہے۔ ہم نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو کھو دیا۔ پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا۔ ملک کے متعدد سیاسی اور مذہبی رہنما بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دہشت گردی نے ملکی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا مالی نقصان پہنچایا۔ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، جس کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں اور تعاون کی ضرورت ہے۔ ہمیں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہو گا۔ انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھانا ہو گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کا نشان حیدر پانے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے یوم شہادت پر پیغام میں کہا کہ پوری قوم راشد منہاس شہید کے جذبہ شہادت ، حب الوطنی اور قربانی کو سلام پیش کرتی ہے، راشد منہاس شہید جیسے بہادر جوانوں پر قوم کو فخر ہے۔