منکی پاکس کرونا کی نئی وبا نہیں‘عالمی ادارہ صحت‘ آئیسولیشن بہترین علاج‘ کوآرڈینیٹر وزیراعظم 

Aug 21, 2024

راولپنڈی؍ اسلام آباد؍کراچی (محبوب صابر/ جنرل رپورٹر) راولپنڈی میں منکی پاکس وائرس کے ممکنہ خطرات کے باعث راولپنڈی کے 3 ہسپتالوں میں خصوصی آئیسولیشن وارڈ قائم کر دیئے گئے۔ پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں۔ وارڈوں کے ارد گرد حفاظتی اقدامات انتہائی سخت کر دیئے گئے۔ راولپنڈی میں ابھی تک کوئی بھی مریض سامنے نہیں آیا۔ رپورٹ کے مطابق منکی پاکس جیسے موذی  وائرس کے سامنے آنے اور چند دن قبل بیرون ملک سے آنے والے ایک شہری میں ممکنہ منکی وائرس ہونے کے شبہ میں آئیسولیٹ کیا گیا۔کراچی میں بھی اس کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ شہر کے نجی اور سرکاری ہسپتالوں سمیت محکمہ صحت سندھ کی جانب سے منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے انفیکشن کنٹرول الرٹ اور ایڈوائزریز جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد برتھ نے کہا ہے آئیسولیشن ہی منکی پاکس کا بہترین علاج ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منکی پاکس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں منکی پاکس کی تازہ صورتحال اور مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ منکی پاکس کے نام سے مشہور وبا ایم پاکس کووڈ کی نئی قسم نہیں اور ہم اس وائرس اور اس سے نمٹنے کے طریقوں کے بارے میں پہلے ہی کافی کچھ جانتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے یورپ میں ڈائریکٹر ہنس کلوگ نے کہا کہ گوکہ کلیڈ 1b وائرس کے بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن ایم پاکس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ ایم پاکس نیا کووڈ نہیں ہے ہم جانتے ہیں کہ ایم پاکس کو کیسے کنٹرول کرنا ہے اور یورپ میں اس کی منتقلی کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں