پنجاب چینی سیاحوں کو پروٹوکول‘ خیبر پی کے نے داخلہ روک دیا: یہ ملک دشمنی: فیصل کنڈی

Aug 21, 2024

اٹک (نوائے وقت رپورٹ) سائیکلوں پر پاکستان اور افغانستان کا دورہ کرنے والے 4 چینی سیاحوں کو خیبر پی کے داخلے سے روک دیا گیا۔ پنجاب پولیس نے 4 چینی سیاحوں کو اٹک خورد چیک پوسٹ تک سکیورٹی کے ساتھ پہنچایا لیکن کے پی پولیس نے چینی سیاحوں کو خیبر پی کے میں داخل ہونے سے روک دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خیبر پی کے میں داخلے کیلئے مہمانوں کے پاس این او سی موجود نہیں۔ خیبر پی کے میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر چاروں سیاح واپس پنجاب کی طرف روانہ ہو گئے۔ دوسری جانب گورنر خیبر پی کے نے چینی سیاحوں کو خیبر پی کے میں داخل ہونے سے روکنے پر رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس عمل میں ملوث ہے‘ یہ ملک دشمنی ہے۔ تحریک انصاف روز اول سے پاک چین تعلقات کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔ خیبر پی کے حکومت پاک چین دوستی کو متاثر کرنے میں مصروف ہے۔

مزیدخبریں