منی لانڈرنگ کیس‘ مونس الٰہی سمیت 7 ملزم اشتہاری قرار‘ پرویز الٰہی پیش 

Aug 21, 2024

لاہور (خبر نگار) سپیشل سنٹرل کورٹ میں پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت، عدالت نے مونس الٰہی و دیگر 7 ملزموں کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ وکلاء نے مستقل حاضری معافی کیلئے زہرا الٰہی کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ زہرا الہی باپردہ خاتون ہیں، عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکتی ہیں جس پر عدالت نے ایف آئی اے سے دلائل طلب کر لئے۔ پرویز الہی، مونس الہی، بہو زہرا الہی سمیت دیگر کے خلاف چالان عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔ مختلف مقدمات میں ضمانت پر رہا ہونے کے بعد سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی پہلی بار عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت پرویز الٰہی روسٹرم پر آ گئے اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میری طبیعت بہت خراب ہے، پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں موجود صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احترام میں آیا ہوں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پرویز الہی کو نیب انکوئری کا ریکارڈ دینے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو جواب داخل کرنے کیلئے آج تک کی مہلت دے دی۔ نیب لاہور نے احتساب عدالت کے فیصلے کو ہائیکورٹ چیلنج کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں