اسلام آباد(خبر نگار)پنجاب کالج فار وویمن راولپنڈی کی پرنسپل حرا چوہان نے کہا ہے کہ بچیوں کی تعلیم باشعور معاشرے کی تشکیل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔پڑھی لکھی ماں ہی ایک خاندان کی بہترین تربیت کر سکتی ہے۔ پنجاب کالج معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ طلبا کی بہترین تر بیت اور صحت مندانہ سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیتا ہے تاکہ انہیں معاشرے کا باوقار اور ذمہ دار فرد بنایاجا سکے۔ہر سال بورڈ کے امتحانات میں پنجاب کالج کے طلبا کی نمایاں کامیابی ہمارے بہترین اور معیاری نظام تعلیم کی عکاسی کرتی ہے۔معیاری علم ہی وہ واحد راستہ ہے جسے مسابقت کی موجودہ فضا میں کامیابی کی نوید قرار دیا جا سکتا ہے ۔ ترقی کے جس دور میں دنیا آج داخل ہو چکی ہے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر جدید علوم سے استفادہ انتہائی ضروری ہے۔ پنجاب کالج اعلیٰ معیار تعلیم کے عالمی تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ کالج دور میں والدین کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں ۔ بچوں کو کالج بھیجنے کے بعد والدین کو بری الذمہ نہیں ہو جانا چاہئے بلکہ اساتذہ سے مکمل طور پر رابطہ میں رہنا چاہئے تاکہ بچوں کی تعلیمی رغبت اور کارکردگی سے وقتا فوقتا آگاہ ہو سکیں۔
بچیوں کی تعلیم باشعور معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے، حرا چوہان
Aug 21, 2024