سپیکر قومی اسمبلی کی بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات

Aug 21, 2024

اسلام اباد(خبرنگار) بیلاروس سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمہوریہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات منگل کے روز منسک، بیلاروس میں ہوئی۔ملاقات میں تجارتی و پارلیمانی روابط سمیت دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے بیلاروس کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔پاکستان بیلاروس کے ساتھ دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلاروس فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے اور پارلیمانی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے مابین متفرق شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہیانہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری اور رابطوں کا فروغ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں معاون ثابت ہونگے۔اسپیکر نے بیلاروس میں پاکستان کے پارلیمانی وفد کے پر تپاک استقبال اور مہمان نوازی پر بیلاروس کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیابیلاروس کے صدر نے اسپیکر قومی اسمبلی کا بیلاروس کے ایون صدر آمد پر خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ بیلاروس  پاکستان کے ساتھ قریبی دو طرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ بیلاروس کے صدر کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اور بیلاروس پاکستان کے ساتھ پارلیمانی اور عوام سطح پر رابطوں کو فروغ دینے اور دیگر تجارتی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔بیلاروس کے صدر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کو دہرایااسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اپنے بیلاروس کے ہم منصب کی دعوت پر پارلیمانی وفد کے ہمراہ بیلاروس کے سرکاری دورے پر ہیں۔اسپیکر بیلاروس میں اپنے قیام کے دوران  بیلاروس کے صدر، اسپیکر سمیت بیلاروس کی دیگر اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور پارلیمانی سطح پر رابطوں کو فرو غ دینے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزیدخبریں