راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویڑن انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 201 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 14روپے یونٹ کا ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پنجاب حکومت 45 ارب روپے اپنے وسائل سے فراہم کرے گی اور بجلی کمپنیوں کی جانب سے تقاضے پر مطلوبہ رقم ڈسکوز کو منتقل کر دے گی آئیسکو حکام آئندہ دو دنوں تک صارفین کو تبدیل شدہ بل ایشو کر دیں گے اور وہ لوگ جو پہلے سے بل جمع کروا چکے ہیں اسے آئندہ ماہ کے بل میں ایڈجسٹ کر دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجلی بلوں میں عوام کو دئیے جانے والے ریلیف کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں چیف آفیسر آئیسکو نعیم جان، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذارت علی، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سید سبطین کاظمی، واپڈا اہلکاروں و دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اٹک، جہلم، چکوال اور مری نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ریلیف پیکج کے تحت اگست اور ستمبر کے دو ماہ میں 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی کی قیمت کم کی گئی ہے۔ بجلی کی اصل لاگت اور ریلیف کے درمیان کی رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد کے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف کیلئے بجلی کمپنیوں کو باضابطہ خطوط بجھوا دئیے گئے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد، لاہور، گوجرانولہ، فیصل آباد اور ملتان کی ڈسکوز کو خطوط بھجوائے گئے ہیں۔ آئیسکو، میپکو, گیپکو، فیسکو، لیسکو 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے شہریوں کے بجلی بلوں میں کمی کریں گی۔