اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کارپوریشن کی وجہ سے قومی خزانے کو بڑے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے قومی خزانے کے نقصان سے متعلق رپورٹ جاری کردی .جس میں بتایا گیا کہ جہازوں کی طویل عرصے تک گراؤنڈنگ کی وجہ سے دو سالوں میں 60 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا۔رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں پی آئی اے کے ہوائی جہازوں کی مینٹیننس میں زیادہ وقت لیا گیا. طیاروں کی گراؤنڈنگ سے سال 2022 میں 21 ارب 81 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا جبکہ سال 2021 میں جہازوں کی گراؤنڈنگ سے نقصان کا تخمینہ 38 ارب روپے سے زیادہ کا تھا۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ستمبر 2023 میں اس معاملے کا جائزہ لیا. یہ بے ضابطگی جنوری 2024 میں محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی میں زیر بحث آئی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے جواب دیا کہ مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے مرمت میں تاخیر ہوئی. تاہم آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے مالی وسائل کی کمی کی رپورٹ طلب کی ہے۔