لاہور: ضلع کچہری لاہور نے برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے معاملے پرگرفتار ملزم فرحان آصف کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ۔ مقدمہ ایف آئی اے سائبر کرائم میں درج کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل میں جعلی نیوز شائع کرنے پر ملزم فرحان آصف کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم فرحان آصف نے اعترافِ جرم کرلیا۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر برطانیہ میں چاقو زنی کے واقعے کی تصاویر شیئر کیں۔ ایکس اکاؤنٹ ہینڈلر نے ویب سائٹ پر آرٹیکل بھی شائع کردیا۔ آرٹیکل میں 17سالہ علی ال شکاتی کو چاقو زنی کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ ملزم نے اپنے آرٹیکل میں یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ گرفتار ہونے والا شخص مسلمان ہے۔ آرٹیکل میں حملہ آور کو برطانیہ میں پناہ گزین بھی بتایا گیا۔ سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے کی وجہ سے برطانیہ میں فسادات پھوٹ پڑے۔متن کے مطابق ایکس اکاؤنٹ ہینڈلر کی شناخت فرحان آصف کے نام سے ہوئی۔ ملزم نے غیر ملکی چینل کو غلط معلومات دینے کا بھی اعتراف کرلیا۔ معلومات میں ملزم نے الزام دیگر لوگوں پر عائد کرنے کی کوشش کی۔