دو دہائیوں سے زائد جاری جنگ کی پاکستان نے بھاری قیمت چکائی: صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان 2 دہائیوں سے دہشتگردی کے خلاف تنہا جنگ لڑ رہا ہے۔صدر آصف زرداری نے متاثرینِ دہشت گردی کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن اپنے پیاروں کو کھو دینے والے خاندانوں کے درد کی یاد بھی دلاتا ہے، زندہ بچ جانے والے افراد امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔صدر مملکت نے ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دو دہائیوں سے زائد جاری جنگ کی پاکستان نے بھاری قیمت چکائی. ہم نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو کھودیا۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹوکو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا، متعدد سیاسی و مذہبی رہنما بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، دہشت گردی نے ملکی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا۔آصف زرداری نے کہا کہ ہماری قوم نے چیلنجز کے مقابلے میں بےمثال عزم اور استقامت کا مظاہرہ کیا، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے. جس نے کامیابی سے دہشت گرد قوتوں پر قابو پایا، پاکستان دودہائیوں سے یہ جنگ تنہا لڑ رہا ہے. ہماری کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں. فورسز اور ادارے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں. فوجی آپریشنز جیسے حربی اقدامات سے متعدد دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن