لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں جدید و معیاری سہولتوں سے آراستہ دانش سکول قائم کئے جا رہے ہیں اور اس منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دانش سکولوں کا معیار صوبے کے کسی بھی اعلیٰ سکول کے معیار سے ہرگز کم نہیں ہو گا اور یہاں معاشرے کے غریب طبقے کے بچوں کو اعلی تعلیم کی سہولتیں مفت حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دوردراز وپسماندہ علاقوں کے طلباءو طالبات کا بھی بہترین تعلیمی سہولیات پر اتنا ہی حق ہے جتنا کہ اشرافیہ کا اور حکومت پنجاب کے دانش سکولوں کے منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف تعلیمی تفاوت کا خاتمہ ہو گا بلکہ پسماندہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو بھی جلا ملے گی اور وہ بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔یہ بات انہوں نے رحیم یار خان میں شیخ زیدانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر اسحاق ڈار اور عرب امارات کے اعزازی مشیر چودھری منیر کے علاوہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کو فروغ دیئے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت نے اس شعبے کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے انتظامی اور پولیس افسران سے محرم الحرام کے دوران انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں ہدایت کی کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران ڈویژن میں امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ قبل ازیں کمشنربہاولپور ڈویژن میاں محمدمشتاق نے وزیراعلیٰ کو ڈویژن میں دانش سکولوں کے منصوبے پر پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن کے تینوں اضلاع میں دانش سکولوں کی تعمیر کے لئے ٹینڈر ہو چکے ہیں اور 10 ماہ کے عرصے میں ان کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے دانش سکولوں کے منصوبے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کمشنر بہاولپور کو ہدایت کی کہ ان سکولوں کی تعمیر میں کوالٹی کو ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی سی او رحیم یار خان سے شیخ زید ہسپتال میں ڈائیلسز مشینوں کے بارے میں دریافت کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ ہسپتال میں 7 ڈائیلسز مشینیں کام کر رہی ہیں جبکہ ایک اور مشین کی جلد ہی مرمت کر کے چالو کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ امسال 4ہزار سے زائد مریضوں کو مفت ڈائیلسز کی سہولت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے معاون خصوصی زیب جعفر نے ملاقات کی اور انہیں ضلع میں مختلف ترقیاتی سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔مسلم لیگی رہنما خواجہ محمد ادریس نے بھی وزیراعلیٰ ملاقات کی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ عرب امارات کے وزیرتعلیم نیہان بن مبارک سے ملاقات کے لئے سردار گڑھ (سندھ) بھی گئے اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔دریں اثناءڈہرکی سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گذشتہ روز ضلع ناظم گھوٹکی سردار علی گوہر خاں مہر اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سردار علی محمد خاں مہر سے ان کی رہائش گاہ گوہر پیلس میں ملاقات کی ۔توقع ہے کہ مہر برادران جلد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔