پیر محمود شاہ محدث ہزاروی

Dec 21, 2012

 سجاد احمد حکیم القادری
آج سے تقریبا ایک سو چالیس سال قبل امام الوقت فنافی الشیخ ،فنافی الرسول خواجہ خواجگان حضرت پیر سیّدمحمود شاہ محدث ہزاروی کاظمی اس دنیا ئے فانی میں تشریف لائے ۔ جن کی تحریک فروغ ِ توحید و سنت کا پرچار اندرونِ ملک میں ہی نہیں بلکہ سارے عالمِ میں سنا جا رہا ہے۔ ان کی خانقاہِ شریف راولپنڈی سے ایبٹ آباد جاتے ہوئے حویلیاں ریلوے اسٹیشن کے قریب لوگوں کیلئے ہدایت کا مرکزہے جہاں ہر وقت ذکر اسمِ پاک وکلمہ طیبہ کا ورد کرنے والوںکی روح پرور محفل جمی رہتی ہے۔آپ کے والد گرامی کو آپ کی پیدائش سے قبل بشارت ہوئی تھی کہ بیٹا وحید العصر ہو گا۔ پیر سیّد محمود شاہ محدث ہزاروی ؒدوشنبہ ماہ شعبان المعظم ۱۲۹۳ ھ بمطابق ۱۸۷۲ ءکو موضع سوھلن علاقہ تناول ضلع ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے جبکہ آپ کے والدسیّد محبوب علی شاہ ۱۹۰۱ءمیں موضع سوھلن سے ہجرت کرکے حویلیاں تشریف لے آئے ۔ جہاں انہوں نے ٹیرہ میرہ محبوب آباد شریف میں زمین خرید کر مدرسہ اور مسجد کی بنیاد رکھی ۔آپ کا خاندان زمانہ قدیم سے علوم شریعت و طریقت کی تدریس و ترویج کے سلسلہ میں مشہور و معروف ہے۔آپ نے ابتداءسے تا دورہ حدیث تمام ضروری علوم اپنے والد محترم
و برادر ِمحترم ابو نعیم سیّد عبدا لقاضی حاصل کئے اور سند فراغت حاصل کی ۔اس کے بعد دارالعلوم حزب الاحناف میں حضرت پیر دیدار علی شاہ سے مزید تعلیم حاصل کرنے کے لئے لاہور چلے گئے ۔اور وہا ں سے سند تکمیل حاصل کی ۔بعد ازاں حزب الاحناف مراد آباد میں حضرت مولانا نعیم الدین سے فقہ و حدیث میں عبور حاصل کیا ۔پھر جامعہ مظاھر العلوم سہارن پور میں بھی زیرِتعلیم رہے ۔رام پورمیں مولانا عبدالصمدد رام پوری تاشقندی سے بھی علوم دینیہ حاصل کرتے رہے اور حضرت مولانا محمد اسمٰعیل کوکلوی سے بھی استفادہ حاصل کیا ۔حصولِ علم کے بعدوالد گرامی سے سلسلہ چشتیہ قادریہ میں خلافت پائی جبکہ برادر ابو نعیم عبدالقاضی سے سلسلہ قادریہ میں خلافت پائی ۔ ۱۹۳۸ ءمیں عرس مبارک بابا جی فقیر محمد چوراہی کے موقع پر بابا جی کے پوتے حضرت محمد شفیع نے محدث ہزاروی کو دستار ِخلافت نقشبندیہ بندھائی ۔آپ نے متعدد مرتبہ حج کی سعادت حاصل کی ۔ ۱۹۷۱ء میںسفرِحج کے دوران آپ نے بغداد شریف میں بھی حاضری دی اور غوث الاعظم کے دربا ر اقدس میں سترہ روز قیا م فرمایا ۔جہاں شب و روز درسِ قرآن و بیعت و طریقت کا سلسلہ جاری رہا ۔ حضرت محدث ہزاروی زائرین کے ہمراہ حضور غوث الاعظم سیّد عبدالقادر جیلانی ؒ کے روضہ اقدس پر فاتحہ خوانی کے لئے حاضر ہوئے ۔بغداد شریف میں ہی قیام کے دوران امامِ اعظم ابو حنیفہؒ کے روضہ ءاقدس پر حاضری دی پھر حضرت معروف کر خی ؒکے روضہ مبارک پر حاضرہوئے۔ تحریک پاکستان میں آپ کی قومی اور ملی خدمات تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ آپ نے قائد ِاعظم محمد علی جناح کیساتھ حصولِ پاکستان کی لئے بھر پور کام کیا۔تقسیمِ ہند کے وقت صوبہ سرحد میں پاکستان کے ساتھ الحاق کے ریفرنڈم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔آپ کے سینے میں انتہا ئی درد مند دل تھا۔آپ کی طریقت کے اُجالے ارض و پاک سے لیکر دیارِمغرب تک پھیلنے لگے۔آپ نے لا تعداد کتابیں لکھیں ۔تحریک پاکستان میں محدث علی پوری پیر سیّد جماعت علی شاہ سے ملکر قرآنِ کریم کا ترجمہ تحریر فرمایا۔آپ تصوف اور طریقت کی عظیم اور مکمل تاریخ ہیں ۔خواجہ خواجگان حضرت پیر سیّد محمود شاہ محدث ہزاروی ؒایک سو بیس سال سے زائد عرصہ اس دنیا فانی میں لاکھوں افراد کو روشنی دیکرآخر کا ر ۲۵ دسمبر ۱۹۹۲ءبروز جمعتہ المبارک نمازِفجر کے بعد سجدہ کی حالت میں رحلت فرما گئے ۔آپ ؒ کا سالانہ عرس ہر سال ۲۴،۲۵دسمبر کو زیرِ سرپرستی پیر سیّد ابوزین محی الدین محبوب خانقاہ محبوب آباد شریف حویلیاںمیں عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔پورے ملک سمیت بیرون ملک سے لاکھوں بندگان ِخدا ان کا دم بھرتے دکھائی دیتے ہیں۔

مزیدخبریں