اتفاق رائے کیلئے حکومت نے فیئر ٹرائل بل بڈوز کرنے کا ارادہ ترک کرلیا

Dec 21, 2012

نواز رضا۔۔۔پارلیمنٹ کی دائری


بالآخر حکومت نے قومی اسمبلی کے اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے سے قبل فیئر ٹرائل کا بل اتفاق رائے سے منظور کرا لیا حکومت نے فیئر ٹرائل بل پر ایوان میں رازداری سے کام لیا، تاہم رات گئے مسلم لیگ (ن) کے بعض ارکان کو سن گن ہو گئی کہ حکومت جمعرات کی صبح فیئر ٹرائل کا بل لا رہی ہے۔ انہوں نے صورت حال سے اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان کو آگاہ کر دیا۔ فےئر ٹرائل کا بل اتفاق رائے منظور کرانے کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان خاصی دیر تک مذاکرات ہوتے رہے جو بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوگئے۔ جمعرات کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ایوان میں کیا آئے درخواستوں پر دستخط کرانے والے ارکان کی باچھیں کھل گئیں۔ چوہدری نثار علی خان نے ڈپٹی سپیکر کی توجہ وزیراعظم کے قریب ارکان کے ہجوم کی طرف مبذول کرائی جس پر ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی نے ارکان کو اپنی درخواستیں وزیراعظم کے سامنے رکھ کر اپنی نشستوں پر واپس چلے جانے کی ہدایت کی۔
 قومی اسمبلی میںجمعرات کو سوالات کے جواب نہ آنے اور اپوزیشن کے واک آﺅٹ کے باعث وقفہ سوالات ہی ختم کر دیا گیا۔
ڈائری

مزیدخبریں