لاہور (خبر نگار) کمشنر لاہور جواد رفےق ملک نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ کے متاثرین کو ادائیگیوں کے لیے ہر سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ اس ون ونڈو کیمپ کے ذریعہ تمام متعلقہ محکمے ایک چھت تلے لوگوں کے کاغذات کو مکمل کر کے شفاف طریقے سے ادائیگیاں کریں گے۔ انہوںنے کہا مالکان کو عام منادی، پمفلٹس اور اشتہارات کے ذریعہ اطلاع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے مجاز افسر موقع پر ہی کاغذات کی تصدیق کریں گے اور کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد چیک اُسی روز ہی جاری کیے جائیں گے۔ دریں اثناءکمشنر لاہور جواد رفیق ملک نے ٹاﺅن ہال میں قائم تین روزہ کیمپ کا دورہ کیا جہاں پر ریونیو ، ایل ڈی اے، ٹیپا اور سیٹلمنٹ کے محکمے لٹن روڈ پر میٹر و بس منصوبہ کے لیے حاصل کی گئی جگہوں کے مالکان کو ادائیگیوں کے لیے کاغذات کی موقع پر جانچ پڑتال کررہے تھے۔ ون ونڈو کیمپ میں افسران کے علاوہ مالکان اور لٹن روڈ کے تاجر نمائندے بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جائیداد کی ملکیت کے حوالے سے سیٹلمنٹ کمیٹی نے التواءمیں پڑے ہوئے 10میں سے 7 کیس نمٹا دیئے ہیں۔