زہریلی گیس سے 2 افراد جاں بحق نیٹو کنٹینر پر فائرنگ 2 افراد زخمی مسلم باغ سے 2 افراد لاپتہ، اغوا کا خدشہ

Dec 21, 2012

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 2 مزدور جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہرنائی میں کوئلے کی کان میں مزدور کام کرنے کیلئے اندر گئے تو وہاں زہریلی گیس بھرنے کی وجہ سے 7 مزدور دم گھٹنے کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی مزدوروں نے بے ہوش افراد کو کان سے نکالا تاہم 2 مزدور خیر محمد اور داد کرم دم توڑ گئے۔ دوسری طرف کوئٹہ کے علاقے سونا خان تھانہ کی حدود میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے کراچی سے افغانستان میں موجود نیٹو فورسز کے سامان لیکر جانے والے کنٹینر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد قسم خان اور محمد افضل شدید زخمی ہو گئے۔ مسلم باغ کے رہائشی محمد صادق نے بتایا کہ اس کا بھائی عبدالرزاق اور رشتہ دار محمد حنیف کسی کام سے گئے تھے جو تاحال واپس نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ انہیں اغوا کر لیا ہے تحصیلدار مزید کارروائی کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں