کراچی: ہوٹل پر بم سے حملہ، 5 زخمی، فائرنگ کے واقعات میں 2 جاںبحق

Dec 21, 2012

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) کراچی میں ہوٹل پر دستی بم حملے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے لاسی گوٹھ سے مبینہ طور پر دہشت گردی میں ملوث کالعدم تنظیم کے رکن کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ روسی ساختہ دستی بم سے کیا گیا۔ کراچی کے علاقے صدر جیکب لین تھانوی مسجد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص عاشق عباس موقع پر جاںبحق ہو گیا۔ ادھر الآصف سکوائر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہو گیا۔ حساس اداروں کی نشاندہی پر کراچی پولیس نے لامی گوٹھ میں چھاپہ مار کر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر سعید کو 7 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں سہراب گوٹھ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں عبدالستار اور آغا محمد نامی دو افراد کی ہلاکت پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ احتجاج کے سبب سپر ہائی وے پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو گئی۔ عبدالستار اور محمد آغا کی نماز جنازہ سپر ہائی وے پر ادا کی گئی اور اس موقع پر مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے ایس ایس پی گڈاپ کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا۔ 

مزیدخبریں