لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سیریز میں کسی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیںدیا جاسکتا، ایشیائی وکٹوں پر دونوں ٹیمیں اچھا پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تمام کھلاڑی پریشر لیے بغیر میدان میں اتریں گے۔ بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو اپنی فاسٹ باﺅلنگ سے دباﺅ میںلانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان نے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی کے لئے سعید اجمل اکیلا کچھ نہیں کر سکتا تمام باﺅلرز کو اس کا ساتھ دینا ہو گا۔ سیریز میں ہماری طاقت فاسٹ باولنگ ہوگی جس کے ذریعے بھارت کے تجربہ کار کھلاڑیوں کو انڈر پریشر لا کر آوٹ کرنے کی کوشش کرینگے۔