اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + اے این این) نئی تجارتی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کیلئے خوشخبری، 3 اداروں کے بجائے صرف ایک رجسٹریشن کافی ہو گی۔ اس سلسلے میں تین سرکاری اداروں ایف بی آر، سکیورٹی ایکسچینج کمشن اور ای او بی آئی کے درمیان تجارتی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں سہولت کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ دستخطوں کی تقریب جمعہ کو اسلام آباد میں ہوئی، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی اس موقع پر موجود تھے، مفاہمتی یادداشت پر چیئرمین ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن ایوب شیخ، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق باجوہ اور چیئرمین ایس ای سی پی طاہر محمود نے دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت اب کسی ایک ادارے میں بھی رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنی کو دوسرے کے پاس نہیں جانا پڑے گا بلکہ وہ باقی اداروں میں بھی ازخود رجسٹرڈ متصور ہو گی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں معاشی اہداف اور اصلاحات کے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ایف بی آر کے چیئرمین طارق باجوہ نے بتایا کہ 8 لاکھ 14 ہزار گوشوارے جمع ہوئے ہیں۔ 20 دسمبر تک 91 بلین روپے کا ریونیو جمع ہوا جبکہ وزیراعظم کے اعلان کے مطابق ضروری ایس آر اوز جاری کئے جاچکے ہیں۔ سیکرٹری خزانہ نے کفایت شعاری کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ مشیر اسد امین نے بانڈز کے اجرا کے حوالے سے پیشرفت کے بارے میں بتایا۔ وزیر خزانہ نے وزارت تجارت کو ہدایت کی جی ایس پی پلس کے تحت ملنے والی رعایات سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔