ملک مڈٹرم الیکشن کا متحمل ہو سکتا ہے نہ پیپلزپارٹی مطالبہ کریگی: یوسف گیلانی

Dec 21, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ نہیں کریگی۔ پاکستان مڈٹرم الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہمیں ذمہ داری سے اپوزیشن کرنی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نیب کے کسی سوال کا جواب دینے کا پابند نہیں، بطور وزیراعظم کئے گئے فیصلوں پر نیب کو جواب نہیں دے سکتا۔ آمر 58 ٹو بی کے تحت گھر بھیجتا ہے جبکہ چیف جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری نے مجھے ماورائے عدالت گھر بھیجا، اب مجھے انصاف کی توقع ہے ‘موجودہ حکومت کو آئینی مدت پوری کرنے کا پورا موقع ملنا چاہئے‘ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا آغاز کر دیا ہے‘ جمہوری حکومتوں کو آمریت کے ادوار میں ہی توڑا جاتا ہے ‘جمہوریت سے ہی ملک مضبوط ہو گا ‘ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔ وہ جمعہ کے روز لاہور میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں  جس طرح پیپلز پارٹی کی حکومت نے آئینی مدت پوری کی مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھی پوری کرے، حکمرانوں کو مہنگائی، بیروزگاری سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے باتیں نہیں عملی اقدامات کرنا ہوںگے۔

مزیدخبریں