پنجاب میں بلدیاتی الیکشن : کاغذات نامزدگی کا اجراءشروع‘ مقناطیسی سیاہی استعمال نہیں ہو گی

پنجاب میں بلدیاتی الیکشن : کاغذات نامزدگی کا اجراءشروع‘ مقناطیسی سیاہی استعمال نہیں ہو گی

لاہور (خصوصی رپورٹر + ایجنسیاں) الیکشن کمشنر پنجاب محبوب انور نے کہا ہے کہ صوبہ میں 30 جنوری کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں مقناطیسی سیاہی کی بجائے پی سی ایس آئی آر کے تیار کردہ خصوصی سیاہی والے پیڈ استعمال کئے جائینگے، پنجاب کے 9 ڈویژن، 36 اضلاع اور 143 تحصیلوں کی 48336 یونین کونسلوں میں جماعتی بنیادوں پر الیکشن ہونگے، ان انتخابات کے نتیجے میں صوبے میں ایک میٹروپولیٹن کارپوریشن، 11 میونسپل کارپوریشنز، 35 ضلع کونسلز، 172 میونسپل کمیٹیوں اور 4028 یونین کونسلوں کے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا، چیئرمین اور وائس چیرمین کے امیدوار کو 5000 جبکہ ممبرز کو 2000 روپے ناقابل واپسی فیس بھی کاغذات نامزدگی کیساتھ جمع کرانا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز الیکشن کمشن پنجاب آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کےلئے نیلے، لیڈی کونسلرز کے لئے گلابی، جنرل کونسلرز کے لئے سفید، کسان یا لیبر ممبر کےلئے سبز، یوتھ کےلئے پیلا اور اقلیتی رکن کے لئے ہلکے سبز رنگ کے بیلٹ پیپرز استعمال کئے جائینگے۔ پنجاب میں مجموعی طور پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 4028، جنرل کونسلرز کی 24168 نشستیں ہونگی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کے لئے 143 ایپلٹ اتھارٹیز قائم کی گئی ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع ہوگیا ہے۔ کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کے دفتر کے علاوہ ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں جبکہ فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی جن امیدواروں نے گذشتہ انتخابی شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے ان سے دوبارہ فیس نہیں لی جائے گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 22 سے 27 دسمبر تک وصول کئے جائیں گے جبکہ 28 دسمبر کو ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کی فہرست جاری کرے گی۔ 29 دسمبر کو امیدوار اعتراضات داخل کرسکیں گے 30 دسمبر سے 4 جنوری تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور 6 جنوری سے 7 جنوری 2014ءتک اپیلیں دائر کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 8 جنوری سے 11 جنوری تک اپیلیں نمٹا دی جائیں گی جبکہ 12 جنوری کو امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جس کے بعد 13 جنوری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی اور 30 جنوری کو پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوگا جس کے نتائج کا اعلان 2 فروری 2014ءکو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدوار جلسے جلوس نہیں نکال سکیں گے صرف کارنر میٹنگ کی اجازت ہو گی۔ دوہری شہریت رکھنے والوں پر انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی ہو گی۔ الیکشن کمشنر پنجاب محبوب انور نے بتایا امیدواروں کیلئے سکیورٹی فیس 2 سے 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ انتخابی اخراجات کی حد 20 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی۔ انتخابی مہم کے دوران اسلحہ لہرانے اور فائرنگ کرنیکی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکشن مہم کیلئے بینرز کا سائز تین فٹ چوڑا اور نو فٹ لمبا مقرر کر دیا گیا۔ ہورڈنگ تین فٹ چوڑا اور پانچ فٹ لمبا ہوگا۔ انتخابی پوسڑ دو فٹ اور تین فٹ سے بڑا ہو گا تو امیدوار نااہل قرار پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر، ڈپٹی میئر اور چیئرمین اور وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن کیلئے 2 لاکھ روپے کے انتخابی اخراجات کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بھی مشترکہ طور پر 2 لاکھ روپے کے انتخابی اخراجات کر سکیں گے۔
الیکشن کمشنر پنجاب

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...