کراچی/ ملتان/ پشاور/اسلام آباد/ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ملک بھر میں پولیو کے مزید چار کیسز سامنے آ گئے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق لاڑکانہ، کوہاٹ، قلعہ عبداللہ اور پشین سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال ملک سے پولیو کیسز کی تعداد 291 ہوگئی۔ مزید برآں این این آئی کے مطابق محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق دوسری طرف کوئٹہ میں پولیس، ایف سی اور اے ٹی ایف کی سخت سکیورٹی میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا گیا۔ مہم کے دوران 2 لاکھ 47 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے کی مہم میں پولیو ورکرز اور رضاکاروں 467 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں پانچ روز ہ انسداد پولیو مہم تاخیر سے شروع ہوئی جبکہ ملتان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم سکیورٹی خدشات کے باعث ملتوی کر دی گئی، پشاور میں ایک روزہ انسداد پولیو مہم جاری رہی۔ شہر قائد کی 11 حساس یونین کونسلوں میں آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم تاخیر سے شروع ہوئی۔ بیشتر رضاکار ٹیموں کو آج پہنچنے کے بارے میں آگاہ ہی نہیں کیا گیا تھا۔ متعدد یونین کونسلوں میں رضاکار اور سکیورٹی اہلکار وقت پر نہیں پہنچ سکے۔ مہم کے دوران 2 لاکھ 13 ہزار بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔ ملتان میں 22 دسمبر سے شروع ہونے والی تین روزہ انسداد پولیو مہم سکیورٹی خدشات کے باعث ملتوی کردی گئی ہے۔ ضلع کی 185 یونین کونسلوں میں بچوں کو قطرے پلائے جانے تھے۔ نئے شیڈول کا اعلان پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔ دوسری طرف پشاور میں ایک روزہ انسداد پولیو مہم شام 4 بجے تک جاری رہی۔ 97 یونین کونسلوں میں سات لاکھ چون ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ تھا۔ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، شہر میں موٹرسائیکل چلانے پر پابندی عائد تھی۔لاہور میں بھی سکیورٹی خدشات کے باعث مہم ملتوی کردی گئی، انسداد پولیو مہم 22تا24دسمبر تک جاری رہنا تھی۔
پولیو کے 4 نئے کیس سامنے آگئے‘کراچی کی 11 حساس یونین کونسلز‘ پشاور میں انسداد پولیو مہم شروع‘ لاہور، ملتان میں ملتوی
Dec 21, 2014