دہشت گردی کیخلاف کمیٹیاں بناکر معاملات لٹکائے جا رہے ہیں: مشرف

Dec 21, 2014

کراچی (آئی این پی) پرویز مشرف نے سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی کی جائے، کمیٹیاں بنا کر معاملات کو لٹکایا جا رہا ہے جس سے مزید پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، پارلیمانی کمیٹیاں بنانے کا وقت نہیں ہے، فوج کو اختیارات دئیے جائیں تاکہ وہ دہشت گردی کا خاتمہ کرسکے، ملک میں توانائی کی کمی نہیں، اسکا استعمال درست نہیں ہورہا، جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتا، ہمارے دور میں ملک ترقی کررہا تھا، ہم نے 19 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیدا کی، بہت سے مدارس مثبت کردار ادا کررہے ہیں تاہم دہشت گردی مقاصد کےلئے بھی استعمال ہورہے ہیں، مدارس کے طلباءکو صرف مولوی بنایا جاتا ہے، مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم ضروری ہے۔ ٹی وی انٹرویو میں مشرف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف موثر اور مکمل کارروائی کرکے انکا سر کچل دیا جائے۔ صدر مشرف نے کہا کہ وقت تھا کہ اس سانحہ پر ساری پارٹیاں ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھی تھیں اس بات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فیصلہ کرکے فوج کا بااختیار بنا دیا جاتا تاکہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے انکا خاتمہ کرسکتی۔ موجودہ حکومتیں نعروں کی حد تک محدود ہیں، میں نعروں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا۔
پرویز مشرف

مزیدخبریں