اسلام آباد (آن لائن) خوبرو ماڈل و ڈالر گرل ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت بارے بعض اعلیٰ حکام کی جانب سے مثبت اشارے مل گئے۔ ماڈل نے دبئی جانے کے لئے تیاریاں شروع کر دیں۔ دبئی میں 10 روزہ قیام کے دوران ماڈل ایان علی 7 ماڈلنگ سمیت دیگر کمرشل پروگراموں میں شرکت کریں گی جبکہ دوسری جانب کسٹم حکام نے ایان علی کے شریک ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔ جنوری 2016ء کے پہلے ہفتے میں 7 سے زائد ملزمان کی گرفتاری کا قوی امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ماڈل ایان علی نے اچانک بیرون ملک روانگی کی زور و شور سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ نجی طیارے کے ذریعے دبئی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جانے والوں میں ایک فیشن ڈیزائنر، ذاتی میک اپ آرٹسٹ اور دو ملازمین سمیت 6 خواتین و حضرات شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روز قبل ماڈل ایان علی کو ایک کال کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ ان کے بیرون ملک جانے بارے تمام تر رکاوٹیں جلد دور کر دی جائیں گی وہ سفر کی تیاری کریں جس پر ماڈل نے ہنگامی بنیادوں پر تیاری شروع کر دی ہے۔
ماڈل ایان کو بیرون ملک جانے کے حوالے سے مثبت اشارے مل گئے:ذرائع
Dec 21, 2015