لاہور (خبر نگار) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کا متفقہ عزم ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور بہت جلد قوم کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات مل جائے گی۔ کراچی آپریشن کراچی کے رہائشیوں کی دل کی آواز ہے اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے کراچی والوں کی نبض شناسی کر لینی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ایلومینائی ایسوسی ایشن اور نارتھ امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم (اپنا) کے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک بھر میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت نے کئی میگا پروجیکٹس شروع کئے ہیں جبکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ علاج معالجے کی سہولتوں کو عام کرنے کے لئے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور جنوبی پنجاب میں کارڈیالوجی ہسپتال، کڈنی سنٹر، برن یونٹ سمیت متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں تاہم ابھی اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی ایک پیچیدہ مسلہ بنتا جارہا ہے اور ساٹھ فیصد سے زائد بیماریوں کی یہی وجہ ہے۔ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کی بدولت معیشت میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور معاشی اعشاریوں میں حوصلہ افزا اضافے کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی۔