پیرس (این این آئی) موریشیس کے جزیرے سے فرانسیسی دارالحکومت پیرس کی جانب سفر کرنے والے ائرفرانس کے ایک طیارے میں ایک مشتبہ پیکٹ ملنے کی وجہ سے اسے ہنگامی حالت میں کینیا میں اتارا گیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طیارے کے باتھ روم میں مشتبہ پیکٹ ملنے پر بوئنگ 777 نامی طیارے کے پائلٹوں نے ممباسا شہر کے ہوائی اڈے ’موئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ پر طیارے کو اتارنے کی درخواست کی تھی۔ پولیس کے ترجمان چارلز اوینو نے کہا کہ طیارے اور اس میں موجود مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے اور یہ کہ متعلقہ ماہرین مشتبہ پیکٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ طیارے میں 459 مسافروں کے ساتھ 14 عملے کے ارکان موجود تھے اور طیارے نے ماریشس سے اپنی پرواز رات کے ایک بجے شروع کی تھی۔ ٹوئٹر پر کینیا کے ہوائی اڈے کے حکام نے کہا کہ موئی ائرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ طیارہ براہ راست پیرس میں واقع ’چارلز ڈی گول‘ کے ہوائی اڈے کی جانب سفر کر رہا تھا۔طیارے میں موجود ایک شخص بینوا لوچینی نے کہا واقعہ کے دوران مسافر پرسکون رہے اور عملے نے انہیں بتایا کہ طیارے میں ایک تکنیکی خرابی ہے جس کی وجہ سے اسے واپس موڑا جا رہا ہے۔ بعدازاں ائرفرانس کی جانب سے کہا گیا کہ طیارے میں بم کی اطلاع غلط تھی۔