نئی دہلی (این این آئی+ بی بی سی ) بھارت کے دارالحکومت دہلی میں تین سال قبل چلتی ہوئی بس میں ہونے والے ریپ کے الزام میں نابالغ مجرم کے وکلا ء نے کہاہے کہ اسے اب اصلاح خانے سے رہا کر دیا گیاہے،اس کی رہائی روکنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی تاہم موجودہ قانون کے تحت نابالغ مجرم کو دوسرا موقع دیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیاکے مطابق مجرم کی رہائی کے خلاف ر دہلی کے قلب انڈیا گیٹ پر مظاہرہ کرنے کی سول سوسائٹی کی کوشش ناکام بنادی گئی اورس موقع پر پولیس نے کہاکہ جسے مظاہرہ کرنا ہے وہ جنتر منتر پر جائے۔جمعہ کو دہلی ہائی کورٹ نے نابالغ مجرم کی رہائی روکنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد اتوار یا اس سے پہلے اس نابالغ کی رہائی طے ہو گئی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نابالغ مجرم کو اصلاح خانے سے نامعلوم مقام کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق نابالغ مجرم کے اہل خانہ اسے واپس لینے سے ہچکچا رہے ہیں اور وہ مجرم سزا کاٹ کر جیل سے باہر آنے سے خوفزدہ ہے۔