اسلام آباد (صباح نیوز) بلوچستان میں بلوچ سرداروں کی نجی جیلوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جلد مقامی آبادی کو شامل کرکے نجی جیلوں پر لشکر کشی کی جائے گی۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بلوچ سرداروں کی نجی جیلوں کے خلاف ایک بھرپور آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ان جیلوں سے اغوا برائے تاوان کے مغویوں، بلوچستان کے لاپتہ افراد سمیت دوسرے قیدیوںکورہا کرایا جا سکے۔ اس کارروائی کے لیے ایک جامع اور منظم حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ حکمت عملی کے تحت کسی بھی جماعت کے ساتھ سیاسی وابستگی رکھنے والے سردار سے رعایت نہیں برتی جائے گی اور نہ ہی کوئی سیاسی دبائو قبول کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کی اہم سیاسی شخصیت کے حوالے سے بھی رپورٹس ہیں کہ ان کی نجی جیل میں سینکڑوں لوگوں کو قیدی بنا کر رکھا گیا ہے۔ چند ہی روز میں نجی جیلیں رکھنے والے سرداروں کو وارننگ دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سرداروں کی 70 کے قریب نجی جیلیں موجود ہیں جن میں سینکڑوں لوگوں کو قید کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے حکومت پاکستان بلوچستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کو دے چکی ہے۔
بلوچستان: مقامی آبادی کو شامل کر کے بلوچ سرداروں کی نجی جیلوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
Dec 21, 2015