نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں ایک ہندو نوجوان کو پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے نام والی شرٹ پہننے پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ضلع ہیلا کاندی میں مقامی کرکٹ میچ کے دوران ریاست کی حکمران جماعت بی جے پی کے یوتھ ونگ ’’بھارتیہ یوا مورچہ‘‘ نے رپن چودھری نامی نوجوان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی کہ رپن نے پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے نام کی شرٹ پہن رکھی تھی۔ اس پر وہاں موجود بی جے پی کے کارکنوں نے اعتراض کیا اور پھر ان کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ بی جے پی کارکنوں نے رپن چودھری کیخلاف اشتعال پھیلانے اور ملک سے غداری کا مقدمہ درج کرانے کی کوشش کی۔