راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیئرمین میٹروبس پراجیکٹ محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور موجودہ حکومت نے نوجوانوں اورتعلیمی شعبے کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میںیونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد، فیکلٹی ممبران اور طلباءکی کثیر تعداد نے شرکت کی اور 1906طلباءو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے محمد حنیف عباسی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا وژن ہے کہ طلبہ کو ہر مطلوبہ سہولت فراہم کی جائے تا کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کر کے پاکستان کا نام روشن کر سکیں اور لیپ ٹاپ سکیم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت ذہین لیکن غریب بچوں کی تعلیم کےلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے تا کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کر سکیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمدنے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کو مبارکباد پیش کی ۔