بجلی گیس بحر ان ختم کردیا جمہوریت ہی بہترین آپشن الیکشن وقت پر ہونگے

Dec 21, 2017

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی تیسری حکومت وطن عزیز میں معاشی و اقتصادی محاذ پر بہتری لائی ہے۔ ماضی کے مشکل حالات کی نسبت اب سرمایہ کار آسانی سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ لہٰذا حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور آئندہ کس کو منتخب کرنا ہے اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔ آگے بڑھنے کے لئے جمہوریت ہی بہترین آپشن ہے۔ ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ بجلی اور گیس کا بحران ختم کر دیا۔ ماضی کے مقابلے میں پاور پلانٹس پر پیداواری لاگت بھی بہت کم کر دی گئی ہے۔ مثبت پالیسیوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں جبکہ حکومت کی نجکاری کی پالیسی خاصی کامیاب رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ایم تھری میں کار کمپنی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ استحکام اور مستقل بنیادوں پر کام جبکہ بین الاقوامی تجربے کی بناء پر ترقی کا سفر جاری ہے۔ کچھ اداروں کی ماضی میں نجکاری ہوئی اس پر مختلف ایشوز سامنے آئے مگر یہ ضروری تھی۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو اس وقت کئی ایشوز درپیش ہیں اس مقصد کے لئے حکومت مراعات فراہم کر رہی ہے۔ آج کے پاکستان میں ماضی والا حساب نہیں جب سرمایہ کار سرمایہ کاری کرنے سے گھبراتے تھے، آج سرمایہ کار بلا جھجھک سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ماضی کے سالوں میں توانائی بحران شدید تھا اب وافر مقدار میں توانائی کی پیداوار کی جا رہی ہے۔ ماضی کی نسبت موجودہ حکومت کے لگائے جانے والے پاور پلانٹس سے آدھی قیمت پر بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ شورکوٹ میں گزشتہ روز ہی پنجاب حکومت کے نصب کردہ پاور پلانٹ کا افتتاح کیا جس سے بجلی آدھی قیمت پر پیدا کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی این این جو پاکستان دکھا رہا ہے آج کا پاکستان وہ پاکستان نہیں، کافی خبریں ہیں مگر سچائی عوام کے سامنے ہے۔ موجودہ حکومت کے دور میں گیس ٹرمینل لگ رہے ہیں، مثبت پالیسیوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، حکومت معاشی و اقتصادی ترقی اور استحکام کے لئے اپنا سفر جاری رکھے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مختلف صنعتی گروپس کی ملکی معیشت میں خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ سرمایہ کاری سے وطن عزیز میں نہ صرف معاشی واقتصادی ترقی کا دور دورہ شروع ہوتا ہے بلکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں۔ علاوہ ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات اگلے سال جولائی میں ہونگے، عوام آئندہ 5 سالوں کیلئے جس حکومت کو منتخب کریں گے انہیں اس کو آئندہ مدت کیلئے بھگتنا بھی ہوگا اس لئے وہ انتہائی سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے، توانائی کی فراہمی سے صنعتکاری کے عمل میں تیزی آنے سے ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا جبکہ حکومت بجلی اور گیس کی فراہمی کے بعد اب صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے کوشاں ہے۔ فیصل آباد میں ائیرپورٹ کی تعمیر کیلئے پنجاب حکومت نے زمین مختص کر دی ہے جبکہ مقامی سرمایہ کاروں کو اسے سیالکوٹ کے ماڈل کی طرز پر کمرشل بنیادوں پر تعمیر کرنا چاہئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 27 دسمبر کو ہزارہ ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم کل کراچی جائیں گے اور نیوی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

مزیدخبریں