راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)قائدملتِ جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق کریمہ اہلبیتؑ حضرت فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیہا کے وفات حسرت آیات عقیدت و احترام کیساتھ ’’ یوم عزا‘‘ کے طورپرمنایاگیا ۔ اس موقع پر ملک بھر میں مجالس عزاء ہوئیں اور تابوت کے جلوس برآمد کئے گئے مولاناملک اجلال حیدرالقمی کے زیراہتمام علیؑ مسجد سٹیلائٹ ٹائون میں علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ خانوادہ رسالت کی عصمت مآب خواتین کی سیرت طبقہ نسواں کیلئے مکمل نمونہ ہے جسکی عملی پیروی کرکے خواتین معاشرے میں آبرومندانہ مقام حاصل کرسکتی ہیں۔انہوںنے باورکرایا کہ حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا فضل و کمال،زہد و تقویٰ کی معراج اور علم کی عظیم ترین منزل پر فائز تھیں۔ اختتام مجلس نے نوحہ خوانی کی ۔ امام بارگاہ دربارعالیہ سخی شاہ پیاراکاظمی میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدابوالحسن تقی نے کہا کہ جو عورت اس صفتِ قدسیہ سے آراستہ و پیراستہ ہوتی ہے وہی اپنا عظیم ترین دینی و اسلامی فریضہ صبرواستقامت سے انجام دے سکتی ہے‘ا س قسم کی خواتین تاریخ نسوانیت میں عزت و حرمت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ حضرت حوا ‘ہاجرہ‘سارہ ‘مادرِ موسیٰ‘مادرِ عیسیٰ حضرت مریم ‘حضرت بتول ؑ ‘حضرت زینب کبریٰ‘حضرت سکینہ ؑ ‘ کو آج عالم نسوانیت میں اس لیے یاد رکھا جاتا ہے کہ انہوں نے دین و شریعت اور انسانیت کیلئے عظیم کام سرانجام دیئے۔انہوں نے کہا کہ خانوادہ رسالت کو یہ عز و شرف حاصل ہے کہ جہاں اس کے مردوں نے عظیم کام کیے وہاں اس گھرانے کی مخدراتِ عصمت و طہار ت نے ان کا ساتھ نبھایا۔حضرت خدیجہ ؑ شریکہ کارِ رسالت ہیں تو حضرت فاطمہ زہرا ؑ شریکہ ولایت و امامت ہیںجبکہ حضرت زینب بنتِ علی ؑ شریکۃ الحسین ؑہیں اور حضرت فاطمہ بنت ِ موسیٰ کاظم ؑ شریکہ علی ؑ بن موسیٰ الرضا ؑ ہیں جنہیں معصومہ قم کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے