ڈھاکہ (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران امپائر پر چلانے پر بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امپائر سے نامناسب رویہ اختیار کرنے پر شکیب الحسن کے کارکردگی پوائنٹس میں سے ایک پوائنٹ کی کمی بھی کردی گئی ہے۔پوائنٹس میں کمی کا نظام ستمبر 2016 میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے بعد شکیب الحسن کے پوائنٹس میں یہ دوسری بار کمی کی گئی ہے ٗشکیب الحسن کو پہلی بار ’ڈی میرٹ پوائنٹ‘ رواں سال مارچ میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران جارحانہ رویہ اختیار کرنے پر دیا گیا تھا۔شکیب الحسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بنگلہ دیش کی بیٹنگ کے 14ویں اوور میں بال کو ’وائڈ‘ قرار نہ دینے پر اعتراض کیا تھا۔آئی سی سی کے بیان میں کہا گیا کہ شکیب الحسن پہلے امپائر پر چیخیں اور پھر ان کے ساتھ کافی دیر تک بحث کرتے رہے۔بیان میں کہا گیا کہ میچ کے بعد شکیب نے اپنی اس حرکت کا اقرار کیا اور سزا کو تسلیم کیا۔شکیب الحسن نے سلہٹ میں کھیلے گئے اس میچ میں 43 گیندو پر 61رنز بنائے، تاہم ان کی شاندار بلے بازی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
امپائر پر ’چیخنا‘ شکیب الحسن کو مہنگا پڑگیا ٗ میچ فیس کا پندرہ فیصد جرمانہ
Dec 21, 2018