لاہور (نیوز رپورٹر) مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کر کے بھارت ریاستی دہشتگردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ 1947ء سے لیکر ابتک 5لاکھ سے زائد کشمیری تحریک آزادی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، دوسری جنگ عظیم کے بعد اتنا ظلم کسی خطے میں نہیں ہو ا اور یہاں مسلسل ہولو کاسٹ ہو رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی نوجوان قیادت حصول آزادی کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اپنی منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں موجود اپنی سات لاکھ فوج کو فوراً مقبوضہ وادی سے نکالے اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کا سلسلہ بند کرے۔ مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی سلامتی کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں کشمیر سردار محمد مسعود خان نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں منعقدہ ’’ کل جماعتی حق خودارادیت کشمیر کانفرنس‘‘کے دوران بطور مہمان خاص اپنے خطاب میں کیا۔ کانفرنس کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیاتھا۔ اس موقع پر سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت اور وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ جسٹس (ر) خلیل الرحمن ،صدر کشمیر ایکشن کمیٹی جسٹس (ر) شریف حسین بخاری، صدر ملی مسلم لیگ پروفیسر سیف اللہ خالد، ممتاز دانشور سلمان غنی، معروف کالم نگار ڈاکٹر محمد اجمل نیازی ، صدر نظریۂ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش، صدر پاکستان مسلم لیگ آزادکشمیر (پنجاب) سید نصیب اللہ گردیزی، سیکرٹری جنرل علماء کونسل منہاج القرآن میر آصف اکبر، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر (لاہور) اعجاز احمد کیانی، صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر ( لاہور) فاروق خان آزاد، جموں کشمیر وکلاء محاذ کے رہنما سید منظور حسین گیلانی ، نمائندہ آل پارٹیز حریت کانفرنس انجینئر مشتاق محمود، ڈائریکٹر کشمیر سنٹر سردار محمد عظیم سرور، گلڈ آف اورئنٹس مسلم سکالرز برائے کشمیر امیر زمان طاہر، چیئرمین لاہور ہائی کورٹ بار کشمیر کمیٹی راجہ شیر زمان، جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر (پنجاب) ڈاکٹر احسن مظفر، صدر آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس (لاہور) اقبال ا حمد قریشی، بیگم صفیہ اسحاق، کاشف ادیب جاودانی ،تجمل گورمانی، کشمیری رہنمائوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب کاباقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک‘ نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔قاری خالد محمود نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے بارگاہِ رسالت مآبؐ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے انجام دیئے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمدمسعودخان نے کہا تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے متفق و متحد ہیں۔ دنیا بھر میں موجود دو کروڑ کشمیری اقوام متحدہ سے مطالبہ کر رہے ہیں ہمیں حق خودارادیت دیا جائے۔ کشمیری آج بھی انڈیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں ہم آپ کو اپنا جائز حکمران نہیں سمجھتے کیونکہ بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ ایک ہفتہ قبل بھارت نے ایک رپورٹ جاری کی جس کے مطابق 240جنگجوئوں کو اس سال شہید کیا ، اس تناظر میں یہ سوال ابھرتا ہے کیا240جنگجوئوں کیلئے بھارت نے 7لاکھ فوج وہاں تعینات کر رکھی ہے۔ بھارت کشمیریوں کو شہید، آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش، سیاسی طور پر کشمیریوں کو تقسیم کرنے کی سازش اور بے انتہا مظالم کے باجود ابھی تک اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ آج تحریک آزادی اپنے جوبن پر ہے اور اس میں 19ماہ کی بچی بھی شامل ہو چکی ہے۔ 1990ء سے لیکر اب تک ایک لاکھ کشمیری جانوں کی قربانی دے چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد لاپتہ ہیں۔ اہل جموں کشمیر نے یہ عزم کر رکھا ہے مشکلات اور مصائب خواہ کتنے ہی زیادہ ہو جائیں ، بین الاقوامی برادری بے نیاز ہوجائے ہم آزادی لیکر رہیں گے۔ جسٹس (ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کشمیر پاکستان کا جزو لازم اور کشمیرکے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ بھارت کشمیروں پر مظالم کا سلسلہ فوری بند کرے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کا پلیٹ فارم کشمیریوں کیلئے ہر وقت دستیاب ہے۔ سلماں غنی نے کہا کشمیریوں کی نئی نسل نے تحریک آزادی کو نئی روح بخشی ہے۔دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ جس تحریک میں نوجوانوں کا خون شامل ہوجائے وہ کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے۔ برہان وانی کی شہادت نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مہمیز عطا کی ہے۔ دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ پروفیسر سیف اللہ خالد نے کہاکشمیری قربانیوں کی لازوال داستان رقم کر رہے ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی ہے۔ مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ کشمیری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ شاہد رشید نے کہا بھارتی فوج کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے لیکن کشمیریوں کے جذبات ماند نہیں پڑے۔ کشمیر کی فضائیں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعروں سے گونج رہی ہیں ۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ مسلسل کشمیریوں کیلئے آواز بلند کر رہا ہے اور ہمارا مطالبہ ہے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے اور ظلم وستم کا سلسلہ بند کرے۔آخر میں مولانا محمد شفیع جوش نے ابصار عبدالعلی ، ڈاکٹر اجمل نیازی کی والدہ اور بھائی کے ایصال ثواب ،شہدائے کشمیر کے بلندیٔ درجات اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے دعا کرائی۔ مزید برآں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں منعقدہ ’’کل جماعتی حق خود ارادیت کشمیر کانفرنس‘‘ کے موقع پر قومی امنگوں کی ترجمان متعدد قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں حاضرین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ ایک قرارداد میں کہا گیا 15 دسمبر 2018ء کو قابض بھارتی فوج کی طرف سے پلوامہ میں 14 کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کرنے اور تقریباً 300 کشمیری مسلمانوں کو فائرنگ سے زخمی کرنے کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔ ایک اور قرارداد میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے کشمیری مسلمانوں کے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے باضمیر عالمی رہنمائوں سے اپیل کی گئی وہ بھارت کی ان زیادتیوں کا نوٹس لے اور کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کے اقدامات کا سدباب کریں۔ ایک قرارداد میںمطالبہ کیا گیا مقبوضہ کشمیر میں قید سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک، شبیر شاہ، مسرت عالم، آسیہ اندرابی، فہمیدہ اور نسرین بی بی کو فوری رہا کیا جائے۔ ایک قرارداد کے ذریعے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی گئی وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر غور و خوض کے لیے فوری طور پر سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلائیں۔ ایک قرارداد میں کہا گیا ہم کشمیر کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ہولوکاسٹ ہو رہا ہے‘ حق خودارادیت دیا جائے: صدر آ زاد کشمیر
Dec 21, 2018